
وادی تیراہ: شدید برفباری کے دوران نقل مکانی کرنے والے سینکڑوں افراد ریسکیو، 120 سے زائد گاڑیاں بھی بحفاظت نکال لی گئیں
خیبر: وادی تیراہ میں متوقع فوجی آپریشن کے پیشِ نظر نقل مکانی کرنے والے سینکڑوں افراد شدید برفباری کے باعث راستے میں پھنس گئے، جنہیں محفوظ طور پر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق پچھلے 36 گھنٹوں سے برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث سخت سردی، منفی درجہ حرارت اور دشوار گزار راستوں پر امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ریسکیو اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں اور مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ایمرجنسی گاڑیوں اور ہیوی مشینری کی مدد سے اب تک 1100 سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ طریقے سے نکالا گیا، جبکہ 120 سے زائد پھنسی ہوئی گاڑیاں بھی ریسکیو کر لی گئی ہیں۔
اس بڑے ریسکیو آپریشن میں ضلع خیبر کے ساتھ ساتھ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ سے 100 سے زائد ریسکیو افسران اور اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔



