پاکستانٹائٹل

شدید برفباری کے بعد مری میں ہائی الرٹ، سیاحوں کے انخلا کا عمل جاری

مری میں 5 ہزار گاڑیوں کو نکالنے کا آپریشن، انتظامیہ متحرک، برفباری سے مری میں نظام زندگی متاثر، مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی

شدید برفباری، مری میں ضلعی انتظامیہ الرٹ، سیاحوں کے انخلا کا عمل جاری

مری میں شدید برفباری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق مری کے مختلف علاقوں میں موجود تقریباً پانچ ہزار گاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مری کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری، کرینیں اور لوڈرز شاہراہوں سے برف ہٹانے کے کام میں مسلسل مصروف ہیں تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔

انتہائی خراب موسم اور حدِ نگاہ صفر ہونے کی صورتحال کے پیشِ نظر مری میں مزید گاڑیوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام دستیاب وسائل اسی مقصد کے لیے وقف کر دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو تسلی دی گئی ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، پولیس اور دیگر ادارے سڑکوں پر موجود ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر مری کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ گاڑیوں میں ہیٹر استعمال کرنے والے افراد کو آکسیجن کی کمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ جب تک تمام سیاح بحفاظت مری سے روانہ نہیں ہو جاتے، تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button