ٹائٹلعالمی امور

امریکی صدر نے غزہ ’بورڈ آف پیس‘ کا باقاعدہ اعلان، شہباز شریف نے بھی دستخط کر دیے

بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط ہوگئے، ٹرمپ تمام ممالک کیساتھ کام جاری رکھنے کیلئے پُرعزم

ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے دوران غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے۔ اس معاہدے میں مختلف ممالک نے شمولیت اختیار کی، جبکہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی دستخط کرنے والے رہنماؤں میں شامل تھے۔

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاہدے میں شامل تمام ممالک کے ساتھ مل کر امن کے قیام کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری تنازع اختتام کے قریب ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں حماس کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حماس کو غیر مسلح ہونا ہوگا، بصورت دیگر اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بورڈ آف پیس کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کا دعویٰ

تقریب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ رکوانے کے اپنے کردار کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان کی مداخلت سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے ان سے کہا کہ آپ کی کوششوں سے کروڑوں جانیں بچ گئیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مختصر عرصے میں متعدد عالمی تنازعات کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔

مشرق وسطیٰ اور ایران سے متعلق بیان

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے شام سے متعلق پابندیاں بھی ختم کی گئیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکا آمادہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button