ٹائٹلعالمی امورمشرقِ وسطیٰ

قطر کا امریکا اور ایران کو انتباہ: فوجی کشیدگی پورے خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے

قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی کسی بھی صورتِ حال کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی انتہائی سنگین اور نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

دوحہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی یا بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتائج انتہائی خطرناک اور دور رس ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کو اولین ترجیح سمجھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق قطر کی خواہش ہے کہ تمام فریقین تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ خطہ کسی بڑے بحران کی طرف نہ بڑھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ کشیدگی میں کمی آئے اور معاملات کو سفارتی اور سیاسی ذرائع سے حل کیا جائے۔

قطری وزارتِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مکالمہ اور مذاکرات ہی ایسے مسائل کا پائیدار حل ہیں، جبکہ طاقت کے استعمال سے نہ صرف خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے بلکہ عالمی سلامتی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button