
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک مؤقف: قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں
چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی پالیسی زیرو ٹالرنس پر مبنی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بات لاہور گیریژن کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہیں مختلف عسکری فارمیشنز کی آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف کو تربیتی مشقوں، جدید عسکری ٹیکنالوجی کے استعمال اور فوجی انفراسٹرکچر سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے پیشہ ورانہ عزم اور تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اندرونی استحکام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور نظم و ضبط کے ساتھ قومی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہیں۔
دورے کے دوران کمانڈر لاہور نے سی ڈی ایف کا استقبال کیا اور فارمیشن کی جنگی تیاری، تربیتی معیار اور آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا بھی مشاہدہ کیا، جس میں جدید عسکری ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مشق مستقبل کے جدید اور متحرک جنگی ماحول سے ہم آہنگ پاک فوج کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
آرمی چیف نے جوانوں کے لیے دستیاب کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا معائنہ بھی کیا اور جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور مجموعی فلاح و بہبود میں ان سہولیات کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید برآں، فیلڈ مارشل منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) لاہور میں قائم کیئر سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ سی ڈی ایف کے یہ بیانات فوجی ترجمان کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں افغانستان میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی، پاک افغان تعلقات میں کشیدگی، بھارت کی جارحانہ سرگرمیوں اور اندرونی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔



