
لاہور میں محفوظ بسنت سے قبل پتنگ بازی پر مکمل پابندی، کمشنر لاہور
کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے واضح کیا ہے کہ 6 فروری 2026 سے قبل لاہور میں کسی بھی قسم کی پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔
لاہور میں کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں محفوظ بسنت کے انعقاد، حفاظتی انتظامات اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ غیر قانونی پتنگ بازی اور ڈور کی فروخت کے خلاف بروقت اور سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔
کمشنر لاہور کے مطابق محفوظ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 100 کیمپس کے ذریعے 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹر سائیکلوں پر نصب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے 23 مختلف روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
مریم خان نے بتایا کہ محفوظ بسنت صرف لاہور ضلع کی حدود میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جائے گی، جبکہ شہر میں پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 6 فروری 2026 سے پہلے لاہور میں پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع رہے گی، جبکہ محفوظ بسنت کے تینوں دنوں میں سیفٹی راڈز کے بغیر کسی موٹر سائیکل کو سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



