
کراچی سٹی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد، ضمانت کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی
کراچی کی سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عدالت میں ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہونا تھی۔
ذرائع کے مطابق عدالت پہنچنے پر بعض وکلاء نے یوٹیوبر رجب بٹ پر حملہ کیا، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ اس واقعے کے بعد عدالتی کارروائی متاثر ہوئی۔
وکلاء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ رجب بٹ نے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد ایک وی لاگ جاری کیا تھا، جس میں مبینہ طور پر مقدمے کے مدعی سے متعلق نامناسب زبان استعمال کی گئی، جس پر وکلاء برادری میں شدید ردعمل پایا گیا۔
دوسری جانب وکلاء کی ہڑتال کے باعث عدالت نے رجب بٹ کی ضمانت کی درخواست پر کوئی کارروائی کیے بغیر سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
عدالت کی جانب سے یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں بھی 13 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔



