
غزہ سے متعلق خطبۂ جمعہ کے حصے کی نشریات روکے جانے پر عوامی ردعمل
مسجد الحرام کے امام کے خطبۂ جمعہ میں غزہ کے حق میں دیے گئے بیان کو سعودی سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے نشر نہ کیے جانے پر عوامی حلقوں میں غم و غصہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سعودی چینل الاخباریہ نے خطیبِ مسجد الحرام شیخ صالح بن حمید کے خطبے کے اس حصے کو نشریات سے خارج کر دیا جس میں انہوں نے فلسطینی بچوں کے حوصلے، جرات اور قربانی کو قابلِ تقلید قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ انہیں آنے والی نسل کے لیے مثال کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے۔
خطبے کے دوران امام کعبہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطین اور بیت المقدس کی اہمیت ہمیشہ امتِ مسلمہ اور عرب عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی۔
اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید سامنے آئی، جہاں متعدد افراد نے نشریات میں اس قسم کی سنسرشپ کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔
واقعے کے بعد سعودی میڈیا میں اظہارِ رائے کی آزادی اور مواد پر قدغن کے حوالے سے ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے، جس پر عوامی سطح پر واضح ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔



